امریکی بائیکاٹ کے باوجود جی 20 اجلاس میں 122 نکاتی اعلامیہ منظور، موسمیاتی بحران اور عالمی چیلنجز پر توجہ۔
جوہانسبرگ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی بائیکاٹ کے باوجود جی 20 اجلاس میں 122 نکاتی مشترکہ اعلامیہ منظور کر لیا گیا۔ جی 20 سربراہ اجلاس میں روایت کے برعکس آغاز میں ہی اعلامیہ منظور ہوا، جس میں موسمیاتی بحران اور دیگر عالمی چیلنجز پر توجہ دی گئی، یہ اعلامیہ امریکی شمولیت کے بغیر تیار کیا گیا تھا۔
اعلامیہ کی منظوری پر امریکی بائیکاٹ کے باوجود وائٹ ہاؤس نے جنوبی افریقا پر الزام عائد کیا کہ اس نے جی 20 کی صدارت کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا۔ وائٹ ہاؤس کے اہلکار نے اعلامیہ کو شرمناک قرار دیا۔
اعلامیہ میں غریب ممالک کے لیے موسمیاتی آفات اور قرض بحران سے نمٹنے کے لیے عالمی اقدام کی اپیل کی گئی ہے۔ جنوبی افریقا کے صدر راما فوسا نے کہا کہ امریکا ہمیں دباؤ میں نہیں لا سکتا۔
جی 20 اجلاس کے اختتام پر امریکا گروپ کی صدارت سنبھالے گا، لیکن جنوبی افریقا نے امریکی درخواست مسترد کی کہ صدارت کی منتقلی کے لیے نچلے درجے کا سفارتکار بھیجا جائے۔ جنوبی افریقا کا کہنا ہے کہ یہ پروٹوکول کے خلاف ہے اور منتقلی برابر کے عہدے دار کے ذریعے ہی ہوگی۔














