مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث تیل پیدا کرنے والے بڑے ممالک نے یومیہ پیداوار میں نمایاں کمی کر دی ہے، جس کے نتیجے میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔
ریاض: (رائیٹ ناوٴ نیوز) مشرق وسطیٰ میں موجودہ جنگی صورت حال کی وجہ سے بڑے تیل پیدا کرنے والے ممالک نے یومیہ پیداوار میں نمایاں کمی کر دی ہے۔ سعودی عرب نے یومیہ 20 سے 25 لاکھ بیرل، متحدہ عرب امارات نے 5 سے 8 لاکھ بیرل، اور کویت نے تقریباً 5 لاکھ بیرل کی پیداوار کم کر دی ہے۔
عراق نے بھی تقریباً 29 لاکھ بیرل یومیہ پیداوار میں کمی کی ہے، اور عراقی حکام نے کہا ہے کہ فی الحال صرف ملکی ضرورت کے لیے تیل نکالا جا رہا ہے۔
ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے بعد ایران نے آبنائے ہرمز پر امریکا اور اسرائیل کو تیل کی سپلائی کے بحری جہازوں کی آمدورفت پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
کورونا وبا کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں پہلی بار 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر کے 119.50 ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔












