مس یونیورس پاکستان روما ریاض نے سوشل میڈیا پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی قوم جیسی دکھنے پر معافی نہیں مانگیں گی۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) مس یونیورس 2025 میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی روما ریاض نے سوشل میڈیا پر ہونے والی شدید تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی قوم جیسی دکھنے پر معافی نہیں مانگیں گی۔
روما ریاض کو حالیہ ہفتوں میں ان کی رنگت اور جسمانی ساخت پر شدید تنقید کا سامنا رہا، تاہم انہوں نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے غیر حقیقی خوبصورتی کے معیارات پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ تنقید کرنے والے پاکستان کی عالمی شبیہ کو کمزور کر رہے ہیں اور لوگوں کو ملک کی عزت کا خیال رکھتے ہوئے مثبت رویے اپنانے کی تلقین کی۔
روما ریاض نے کہا کہ وہ جانتی تھیں کہ سانولی رنگت کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کرنے پر انہیں مزاحمت کا سامنا ہوگا، لیکن ان کا مقصد آئندہ آنے والی نسل کے لیے راستہ کھولنا ہے۔
پاکستانی سوشل میڈیا انفلوئنسر بلال حسن نے بھی ان کی حمایت کی اور روما پر ہونے والی تنقید کو ‘گورا پن کی سوچ’ کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اصل خوبصورتی سانولی، مضبوط اور حقیقی خواتین نے دنیا کے سامنے پیش کی ہے۔
روما ریاض اس وقت 21 نومبر 2025 کو تھائی لینڈ میں ہونے والے 74ویں مس یونیورس مقابلے کے لیے بھرپور تیاری کر رہی ہیں اور وہ پاکستان کی نمائندگی کے لیے پُراعتماد ہیں۔















