بی ٹی ایس کے وی کی پاکستانی بریانی اور کڑاہی کھانے کی خواہش نے مداحوں کو خوش کر دیا۔ آئندہ دورے کا اعلان نہیں ہوا۔
سیئول: (رائیٹ ناؤ نیوز) عالمی شہرت یافتہ کورین گروپ بی ٹی ایس کے کم تہیونگ، المعروف وی، نے پاکستان آنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے ایک آن لائن سیشن کے دوران پاکستانی مداحوں سے گفتگو کے دوران بریانی اور کڑاہی کھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
وی نے پاکستانی مداح کی دعوت پر دلچسپ ردعمل دیتے ہوئے پوچھا کہ کیا انہیں پاکستان میں بریانی اور کڑاہی کھانے کو ملے گی؟ اس پر پاکستانی مداح خوشی سے جھوم اٹھے اور سوشل میڈیا پر پاکستانی کھانوں کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے ان کو دعوتیں دیں۔
آن لائن سیشن میں وی نے بھارت جانے کی خواہش بھی ظاہر کی، مگر آئندہ ورلڈ ٹور کے شیڈول میں جنوبی ایشیا شامل نہیں۔ اب تک بی ٹی ایس نے خطے میں کوئی کنسرٹ یا دورے کا اعلان نہیں کیا۔
بنگلہ دیشی مداحوں سے گفتگو میں وی نے کاکس بازار اور پنک پیلس میوزیم دیکھنے کی دلچسپی ظاہر کی۔ ان کی جانب سے جنوبی ایشیائی ممالک کے مداحوں سے رابطے نے مداحوں کی خوشی کو دوبالا کر دیا۔
واضح رہے کہ جنوبی ایشیا میں بی ٹی ایس کے لاکھوں مداح ہیں، مگر ان کا خطے میں کوئی کنسرٹ نہیں ہوا۔ بی ٹی ایس کی انتظامیہ کا دورہ جنوبی ایشیا کے حوالے سے کوئی اعلان نہیں آیا۔















