وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت 24 کروڑ لوگوں کو نوکریاں نہیں دے سکتی اور معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن سے شفافیت اور محصولات میں اضافہ ہوگا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت 24 کروڑ لوگوں کو نوکریاں فراہم نہیں کر سکتی۔ انہوں نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری لاہور میں پاکستان اکنامک گروتھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈویلپرز اور بینکرز کو ریکوری کے مسائل درپیش ہیں اور اس پر وزیراعظم جلد خود بات کریں گے۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور پاکستان کی معیشت استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی شعبے میں کام جاری ہے، ٹیکس نیٹ کو وسیع کیا جا رہا ہے اور معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن سے شفافیت آئے گی جس سے محصولات میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیمنٹ کی پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے، کنسٹرکشن پر ٹیکس بڑھ رہا ہے اور پاکستان کی آئی ٹی ایکسپورٹ 10 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جبکہ مزید پیسے ہنڈی حوالے سے باہر جا رہے ہیں۔












