کوئٹہ میں 13 سے 15 فروری تک بسنت میلہ منایا جائے گا، شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
کوئٹہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز)
زندہ دلانِ لاہور میں بسنت 2026 کے رنگ جمانے کے بعد اب کوئٹہ میں بھی بسنت میلہ منعقد کیا جا رہا ہے۔ بلوچستان کے دارالحکومت میں 13، 14 اور 15 فروری تک تین روزہ بسنت میلہ کا اعلان کیا گیا ہے جس پر شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
شہر بھر میں تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ بازاروں میں رنگ برنگی پتنگوں، مضبوط ڈور اور بسنت کی دیگر اشیا کی خریداری عروج پر ہے۔ گرد سنگھ روڈ، پرنس روڈ اور دیگر علاقوں میں لوگ پتنگوں کے نئے ڈیزائن دیکھ کر لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
آسمان جلد ہی رنگین پتنگوں سے بھر جانے کا امکان ہے جبکہ مختلف علاقوں میں مقامی ثقافتی پروگرامز اور موسیقی کی تقریبات کا بھی اہتمام ہوگا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ تہوار شہر میں تفریحی مواقع کی کمی کو پورا کرے گا اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دے گا۔
منتظمین کے مطابق یہ تقریبات مختلف علاقوں میں منعقد ہوں گی، جن میں پتنگ بازی کے علاوہ مقامی فنکاروں کی پرفارمنسز اور روایتی کھانوں کے اسٹالز شامل ہوں گے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ تہوار کو پرامن اور محفوظ طریقے سے منائیں اور حفاظتی تدابیر پر عمل کریں۔















