وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وفاق خیبر پختونخوا کو 4400 ارب روپے سے زائد کی رقم ادا نہیں کر رہا، جس سے صوبہ متاثر ہو رہا ہے۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وفاق خیبر پختونخوا کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہا ہے اور 4400 ارب روپے سے زائد کی رقم واجب الادا ہے۔
سہیل آفریدی نے ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے حالات خراب ہوتے جا رہے ہیں، معاشی اور امن و امان کی صورتحال بدتر ہو رہی ہے، اور نوجوانوں کو مستقبل سنبھالنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سب پر ایک جیسا قانون لاگو ہونا چاہیے اور جو خود کو قانون سے بالاتر سمجھتا ہے، اسے قانون کے کٹہرے میں لانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں سول مارشل لا نافذ ہے جہاں پی ٹی آئی کی سرگرمیوں پر پابندی ہے، اور ایم پی ایز اور ایم این ایز کی گاڑیوں کے نمبر ز ٹیمپر کیے جا رہے ہیں۔ سہیل آفریدی نے نوجوانوں کو ترغیب دی کہ وہ ان ظالم لوگوں کی جگہ لیں، اور نوجوانوں کو بلاسود قرضے بڑھانے کا اعلان بھی کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ قبائلی اضلاع کو ضم کیا گیا لیکن انہیں معاشی حقوق نہیں دیے جا رہے ہیں، اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے سب کو ایک ہونا ہوگا۔















