وزیراعظم سے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات یا سیاسی حوالے سے بات نہیں ہوئی۔سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے بتایا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں دہشت گردی پر تعاون کی بات ہوئی، بانی یا سیاسی موضوعات زیر بحث نہیں آئے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
وزیراعظم سے ملاقات میں بانی یا سیاسی بات نہیں ہوئی: سہیل آفریدی

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بتایا کہ وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف تعاون پر بات چیت ہوئی لیکن بانی یا سیاسی موضوعات پر کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔

سہیل آفریدی کے مطابق ملاقات کے دوران بلوچستان میں پیش آنے والے واقعے پر وزیراعظم شہباز شریف سے اظہارِ تعزیت کیا گیا اور اس بات پر اتفاق ہوا کہ ملک میں جہاں بھی دہشت گردی ہو، اس کی مشترکہ طور پر مذمت ہونی چاہیے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف وفاق اور صوبوں کے درمیان مشترکہ لائحہ عمل پر بھی بات چیت ہوئی، اور اس امر پر زور دیا گیا کہ قومی سطح پر ہم آہنگی کے بغیر مؤثر نتائج حاصل نہیں کیے جا سکتے۔

انہوں نے بتایا کہ ضم اضلاع میں اب تک خیبرپختونخوا حکومت 26 ارب روپے خرچ کر چکی ہے، جبکہ تیراہ، کرم اور باجوڑ کے عوام امن کے لیے مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں، اس تناظر میں 4 ارب روپے کا معاملہ اصل حقائق کی عکاسی نہیں کرتا۔

سہیل آفریدی کے مطابق این ایف سی اور فنڈنگ سے متعلق تمام امور وزیراعظم کے سامنے رکھے گئے، جس پر وزیراعظم نے احسن اقبال سمیت دیگر متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں کہ آج ہی مزمل اسلم کے ساتھ بیٹھ کر معاملات کو آگے بڑھایا جائے۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ وزیراعظم سے سیاسی نوعیت کی کوئی بات چیت نہیں ہوئی اور نہ ہی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے حوالے سے کوئی گفتگو ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ بطور پاکستانی ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ دہشت گردی کے خلاف یکساں مؤقف اپنائیں۔

آخر میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ وزیراعظم سے ایک یا دو مزید ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، اور آج کی ملاقات اس عہدے کا تقاضا تھی جس پر وہ فائز ہیں، جس میں انہوں نے اپنے صوبے اور عوام کا مقدمہ پیش کیا۔

دیگر متعلقہ خبریں