چین کے ننگبو شہر میں حکومت نے شادی کی شرح بڑھانے کے لیے کیش انعامی اسکیم متعارف کرائی ہے، جس میں مخصوص مدت میں شادی کرنے والے جوڑوں کو کیش واؤچرز دیے جائیں گے۔
ننگبو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چین کے مشرقی شہر ننگبو میں شادی کی شرح کو بڑھانے کے لیے حکومت نے کیش انعامی اسکیم کا اعلان کیا ہے۔ 28 اکتوبر سے 31 دسمبر کے درمیان شادی رجسٹر کرنے والے جوڑوں کو ایک ہزار یوآن کے کیش واؤچرز دیے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو شادی اور بچوں کی پیدائش کی طرف راغب کرنا ہے۔
پچھلے سال چین میں شادیوں کی تعداد میں 20 فیصد کمی ہوئی، جس کی بڑی وجہ بچوں کی پرورش اور تعلیم کے بڑھتے اخراجات بتائے جاتے ہیں۔ ننگبو کے سول افیئرز ڈپارٹمنٹ کے مطابق کیش واؤچرز محدود تعداد میں فراہم کیے جائیں گے، اس لیے پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر جاری ہوں گے۔
یہی اقدامات ہانگژو اور پنگھو جیسے دیگر مشرقی شہروں میں بھی کیے جا رہے ہیں۔ چینی حکام کے لیے نوجوانوں کو شادی اور بچوں کی پیدائش کی حوصلہ افزائی ایک بڑا چیلنج ہے، کیونکہ ملک کی 1.4 ارب آبادی تیزی سے بوڑھی ہو رہی ہے۔















