تحریک انصاف نے عمران خان کی صحت پر تشویش کا اظہار کیا، جبکہ حکومت نے انہیں بالکل تندرست قرار دیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) تحریک انصاف کے سینئر رہنما سلمان اکرم راجہ نے بانی پارٹی عمران خان کی صحت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ سلمان راجہ نے کہا کہ یہ معاملہ سیاست کا نہیں بلکہ صحت کا ہے اور رات کی تاریکی میں ہسپتال لے جانا اور خاندان کو اطلاع نہ دینا ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو شوکت خانم کے ڈاکٹرز سے ملنے دیا جائے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے وضاحت کی ہے کہ عمران خان بالکل تندرست ہیں اور ہفتے کی رات ان کا پمز میں معمول کا طبی معائنہ ہوا۔ طبی ماہرین کی ہدایت پر انہیں پمز لے جایا گیا جہاں ان کی آنکھوں کا معائنہ کیا گیا اور 20 منٹ بعد انہیں واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔ وزیر نے کہا کہ عمران خان کی تحریری رضا مندی کے بعد ہی یہ کارروائی کی گئی۔















