اورنج جوس دل کے امراض اور ہائی بلڈ پریشر سے بچانے میں مددگار، نئی تحقیق میں انکشاف
لندن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایک نئی طبی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اورنج جوس کا روزانہ استعمال دل کے امراض اور ہائی بلڈ پریشر سے بچانے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔
جرنل مالیکیولر نیوٹریشن اینڈ فوڈ ریسرچ میں شائع تحقیق کے مطابق، اورنج جوس پینے کی عادت سے کارڈیو میٹابولک صحت بہتر ہوتی ہے، جو دل اور میٹابولزم کی مجموعی حالت کو بہتر بناتی ہے۔
تحقیق میں 50 سال سے کم عمر افراد کو شامل کیا گیا تھا، جنہیں روزانہ دو ماہ تک اورنج جوس کے دو کپ فراہم کیے گئے۔ اس دوران دیکھا گیا کہ اورنج جوس میں موجود اجزاء لبلبلے کے خلیات کو تکسیدی تناؤ سے محفوظ رکھتے ہیں، جس سے انسولین کے افعال بہتر ہوتے ہیں اور جسمانی ورم کم ہوتا ہے۔
محققین کے مطابق، اورنج جوس میں موجود حیاتیاتی مرکبات جسم کے ردعمل کو بہتر بناتے ہیں، جس سے کارڈیو میٹابولک صحت میں بہتری آتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مالٹے کو روزانہ کھانے سے بھی یہ فوائد حاصل ہوسکتے ہیں، تاہم جوس پینے سے بھی صحت کو بہتر بنانا ممکن ہے۔















