صدر مملکت نے گھریلو تشدد بل 2026 کی منظوری دے دی، جس کے تحت بیوی کو گھورنے یا طلاق کی دھمکی پر سزا ہوگی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے گھریلو تشدد سمیت سات نئے قوانین کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت بیوی کو گھورنا، طلاق یا دوسری شادی کی دھمکی دینے پر قانونی سزا کا اطلاق ہوگا۔ ان قوانین میں گھریلو تشدد ترمیمی بل 2026 بھی شامل ہے جو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نافذ ہوگا۔ اس قانون کے تحت بیوی، بچوں یا گھر کے دیگر افراد کو گالی دینا، جذباتی یا نفسیاتی طور پر پریشان کرنا جرم قرار دیا گیا ہے، جس کے ارتکاب پر تین سال تک کی سزا اور ایک لاکھ روپے تک کا جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔
23 جنوری کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں منظور کیے گئے ڈومیسٹک وائلینس (پریوینشن اینڈ پروٹیکشن) ایکٹ 2026 کا اطلاق بیوی، بچوں، بزرگ افراد، لے پالک، ٹرانس جینڈر اور گھر میں ایک ساتھ رہنے والے تمام افراد پر ہوگا۔ اس قانون میں جسمانی، جذباتی، نفسیاتی، جنسی اور معاشی استحصال کے خلاف سخت سزائیں مقرر کی گئی ہیں۔
قانون کے تحت عدالتیں شکایات کی فوری سماعت کی پابند ہوں گی، اور متاثرہ شخص کو مشترکہ رہائش گاہ میں رہنے یا شیلٹر ہوم فراہم کرنے کا حق ہوگا۔ تشدد کرنے والے کو جی پی ایس ٹریکر پہننے کی ہدایت دی جائے گی۔















