اقوام متحدہ میں ایران کے حق میں پاکستانی مؤقف پر ایرانی سفیر کا اظہارِ تشکر

ایران کے سفیر نے اقوام متحدہ میں ایران کے حق میں مؤقف اختیار کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور جنیوا اجلاس میں پاکستان کے اصولی موقف کی تعریف کی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
اقوام متحدہ میں ایران کے حق میں پاکستانی مؤقف پر ایرانی سفیر کا اظہارِ تشکر

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں ایران کے خلاف پیش کی گئی قرارداد کی مخالفت پر حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جنیوا میں ہونے والے اجلاس میں ووٹنگ کا مطالبہ کر کے اور قرارداد کے خلاف ووٹ دے کر ایک اصولی اور تاریخی موقف اختیار کیا، جو انصاف، کثیرالجہتی نظام اور قومی خودمختاری کے احترام کی عکاسی کرتا ہے۔

ایرانی سفیر نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی قیادت کو سراہتے ہوئے جنیوا میں پاکستان کے مستقل مشن کے نمائندوں کی کاوشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی یہ حمایت گزشتہ ایک سال کے دوران ایران کے خلاف غیر سیاسی اور اشتعال انگیز اقدامات کی تیسری ناکامی ہے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 39ویں خصوصی اجلاس میں ایران کے خلاف انسانی حقوق سے متعلق پیش کی گئی قرارداد پر ووٹنگ ہوئی، جس میں 25 ممالک نے حمایت، 7 ممالک نے مخالفت جبکہ 14 ممالک نے ووٹنگ سے اجتناب کیا۔ پاکستان اُن ممالک میں شامل رہا جنہوں نے قرارداد کے خلاف ووٹ دیا۔

پاکستانی وفد نے اجلاس میں مؤقف اختیار کیا کہ انسانی حقوق کے معاملات کو سیاسی دباؤ، پابندیوں اور یکطرفہ قراردادوں کے ذریعے حل نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان کے مطابق مکالمہ، تعاون اور سفارتی ذرائع ہی انسانی حقوق کے فروغ اور خطے میں دیرپا استحکام کے لیے مؤثر راستہ ہیں۔

قومی بیان میں ایران میں تشدد کے خاتمے اور حالات کی بتدریج بہتری کا خیرمقدم کیا گیا اور یکطرفہ پابندیوں کو عوامی مشکلات میں اضافے کا سبب قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان ماضی میں بھی اقوام متحدہ کے فورمز پر ایران کے خلاف پیش کی جانے والی ایسی قراردادوں کی مخالفت کرتا رہا ہے اور حالیہ ووٹنگ کو اسلام آباد کی مستقل اور اصولی خارجہ پالیسی کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں