وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈھائی کروڑ بچے اسکول سے باہر ہیں، جسے حل کرنے کے لیے تعلیمی ایمرجنسی کے تحت کام کرنا ہوگا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈھائی کروڑ بچے اسکول سے باہر ہیں اور معرکہ ترقی کے لیے ہمیں تعلیمی ایمرجنسی کے تحت کام کرنا ہوگا۔
اسلام آباد میں ہاؤس ہولڈ انٹگریٹڈ اکنامک سروے جاری کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ 100 فیصد بچوں کو اسکول میں داخل کروانا اور شرح خواندگی کو 90 فیصد تک بڑھانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستند ڈیٹا کی بنیاد پر بہتر منصوبہ بندی کی جاسکتی ہے، اور پاکستان کو ڈیجیٹل مردم شماری کے ذریعے ڈیٹا پر مبنی نظام پر چلایا جائے گا۔
احسن اقبال نے بتایا کہ پاکستان نے گزشتہ 5 سال میں بڑے معاشی بحرانوں کا سامنا کیا، جن میں 2018 کی تبدیلی سے درآمدات کا بحران شامل تھا۔ تاہم، اب بحران کا دور پیچھے رہ گیا ہے اور ملک کی شرح نمو 3.71 فیصد رہی ہے، جبکہ حکومت برآمدات بڑھانے پر کام کر رہی ہے۔













