پی سی بی نے پی ایس ایل فرنچائزز کو آئندہ پانچ سال تک کم از کم آمدن کی ضمانت دی ہے، جس سے کم ویلیو والی فرنچائزز کو مالی تحفظ ملے گا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل فرنچائزز کے مالی تحفظ کے لیے آئندہ پانچ سال تک کم از کم آمدن کی ضمانت دی ہے۔ پی ایس ایل 11 سے نافذ ہونے والے اس معاہدے کے تحت ہر فرنچائز کو مرکزی ریونیو پول سے کم از کم 85 کروڑ روپے فی سیزن ملیں گے۔ اگر کسی سیزن میں اس سے کم حصہ ملا تو پی سی بی فرق پورا کرے گا۔
یہ فیصلہ خاص طور پر کم ویلیو والی فرنچائزز جیسے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے لیے فائدہ مند ہوگا۔ اگرچہ ان کی مالیت کراچی کنگز، لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے مقابلے میں کم ہے، مگر تمام ٹیمیں مرکزی ریونیو پول سے برابر حصہ حاصل کریں گی۔
پی سی بی دو نئی فرنچائزز کی نیلامی کی بھی تیاری کر چکا ہے، جو 8 جنوری کو اسلام آباد میں ہوگی۔ ان کی بیس پرائس 1.3 ارب روپے رکھی گئی ہے۔
تمام فرنچائزز کو کھلاڑیوں کی تنخواہوں، رہائش اور سفر کے لیے تقریباً 14 لاکھ ڈالر سیزن میں خرچ کرنا ہوں گے، جس سے زیادہ قیمت والی فرنچائزز پر مالی دباؤ بڑھنے کا امکان ہے۔
پی ایس ایل کی مرکزی آمدن کا 95 فیصد فرنچائزز میں تقسیم ہوگا، جبکہ 5 فیصد پی سی بی اپنے پاس رکھے گا۔ اضافی نیٹ میڈیا آمدن کی صورت میں فرنچائزز کو عالمی کھلاڑیوں کی شمولیت کے لیے اضافی فائدہ بھی ملے گا۔















