پاکستان نے ترکیہ کے سی 130 حادثے پر ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے خاندانوں کے لئے دعائیں کی ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان نے ترکیہ کے سی 130 طیارے کے المناک حادثے پر ترکیہ کی عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے تعزیتی بیان میں کہا کہ ہم اس سانحے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے خاندانوں کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور مشکل وقت میں ترکیہ کے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ ترکیہ کے دکھ میں برابر شریک ہیں اور مرحومین کی مغفرت اور سوگوار خاندانوں کے صبر جمیل کے لئے دعاگو ہیں۔
واضح رہے کہ ترک فضائیہ کا سی 130 طیارہ آذربائیجان اور جارجیا کی سرحد کے قریب گر کر تباہ ہوگیا تھا، طیارے میں سوار 20 اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ طیارہ آذربائیجان سے ترکیہ جا رہا تھا جب روانگی کے کچھ دیر بعد ہی حادثے کا شکار ہوا۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے انقرہ میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ ہماری امدادی ٹیمیں مقامی حکام کے ساتھ مل کر ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں اور ہم شہیدوں کے لئے دعاگو ہیں۔












