پاکستانی سرحد کی بندش سے افغانستان میں اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ، پروان اور دیگر علاقوں میں صورتحال سنگین۔
پروان: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان سے ملحقہ سرحدوں کی بندش کے باعث افغانستان کے صوبہ پروان میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
مقامی باشندے اور دکانداروں کے مطابق حالیہ ہفتوں میں بنیادی غذائی اشیا کی قیمتوں میں 400 سے 700 افغانی تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ 16 لیٹر کوکنگ آئل کی قیمت میں تقریباً 500 افغانی اضافہ ہو چکا ہے جبکہ چاول اور آٹے کی بوریوں کی قیمتوں میں بالترتیب 700 اور 400 افغانی کا اضافہ ہوا ہے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ 16 لیٹر کوکنگ آئل اب 2000 افغانی سے زائد میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ چاول کی بوری کی قیمت 2300 سے بڑھ کر 3000 افغانی ہو چکی ہے اور آٹے کی بوری 1400 سے بڑھ کر 1800 افغانی تک پہنچ گئی ہے۔
مقامی رہائشیوں کے مطابق قیمتوں میں یہ اضافہ ایسے وقت ہو رہا ہے جب ملک بے روزگاری اور غربت جیسے سنگین مسائل کا سامنا کر رہا ہے۔ پروان کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ روزگار کے مواقع بھی کم ہو رہے ہیں اور بازار کی رونق ختم ہو چکی ہے۔
یہ مہنگائی پروان تک محدود نہیں بلکہ کابل سمیت ملک کے دیگر حصوں میں بھی دیکھی جا رہی ہے۔

![پاکستانی سرحد کی بندش، افغانستان میں اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ [Draft]](https://rightnow.pk/wp-content/uploads/2025/12/14210_2025-12-22_14-37-22.webp)










