پاکستان میں بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی، سردی بڑھنے کا امکان۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان میں جاری خشک سردی کی لہر کے ختم ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے ملک میں بارشوں اور برفباری کے دو اسپیلز کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 15 دسمبر تک مری، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں برفباری کا امکان ہے، جبکہ 19 دسمبر کو مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہوگا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ جڑواں شہروں میں صرف بوندا باندی متوقع ہے اور 21 دسمبر تک مختلف علاقوں میں سردی مزید بڑھنے کا امکان ہے، جبکہ دن کا درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عرفان ورک کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں بارش اور ہلکی برفباری ہوگی۔ دن کے درجۂ حرارت تین سے چار بعض علاقوں میں 5 ڈگری تک گر سکتے ہیں، جبکہ رات کے درجۂ حرارت میں زیادہ تبدیلی نہیں آئے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دسمبر کے آخر اور جنوری کے شروع میں اسلام آباد میں درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔















