ماہرین جلدی مسائل سے بچنے کے لیے نہانے کے فوراً بعد جلد پر کچھ مخصوص چیزوں کے استعمال سے گریز کرنے کی تجویز دیتے ہیں۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نہانے کے بعد جلد حساس ہو جاتی ہے اور کچھ مخصوص چیزوں کا فوراً استعمال جلدی مسائل پیدا کر سکتا ہے۔ ماہرین جلد کے مطابق، نہانے کے بعد جلد کے مسام کھل جاتے ہیں اور جلد حساس ہو جاتی ہے، لہٰذا کسی بھی پروڈکٹ یا گھریلو نسخے کا فوری استعمال نقصان دہ ہو سکتا ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ الکحل والے ٹونر یا پرفیوم نہانے کے بعد جلد پر سرخی، جلن اور خشکی کا باعث بن سکتے ہیں۔ اسی طرح لیموں، بیکنگ سوڈا یا سرکہ جیسے ایسڈک مواد کے استعمال سے جلد پر کیمیکل برن اور رنگت خراب ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ نہانے کے بعد سخت اسکرب یا ایکسفولی ایٹر سے گریز کریں کیونکہ اس سے جلد میں مائیکرو کٹس اور جلن پیدا ہو سکتی ہے۔
نہانے کے فوراً بعد میک اپ پروڈکٹس کے استعمال سے مسام بند ہو سکتے ہیں، جس سے بلیک ہیڈز اور مہاسے پیدا ہو سکتے ہیں۔ بھاری کریم یا تیل بھی نہانے کے فوراً بعد استعمال نہ کریں کیونکہ یہ مسام بند کر سکتا ہے۔ ریٹنول یا دیگر طاقتور ایکٹیوز کے استعمال سے بھی جلد کی پرت اتر سکتی ہے۔
ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ نہانے کے بعد چہرے کو ہلکے ہاتھوں سے صاف کریں اور جلد کو 5-10 منٹ تک سکون سے رہنے دیں۔ اس کے بعد فریگرنس فری موئسچرائزر لگائیں اور سن اسکرین کا استعمال نہ بھولیں تاکہ جلد صحت مند، نرم اور چمکدار رہے۔















