اتر پردیش میں جعلی ڈاکٹر کی یوٹیوب ویڈیو کے ذریعے سرجری کی کوشش نے خاتون کی جان لے لی، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔
بارابنکی، اتر پردیش: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بھارت میں جعلی ڈاکٹر کی یوٹیوب ویڈیو دیکھ کر کی گئی سرجری نے ایک خاتون کی جان لے لی۔ یہ واقعہ ضلع بارابنکی میں پیش آیا جہاں ایک غیر رجسٹرڈ کلینک پر گیان پرکاش مشرا نے نشے کی حالت میں آپریشن کیا۔
پولیس کے مطابق، خاتون منیشرا راوت کو پیٹ درد کی شکایت پر اُن کے شوہر کلینک لے گئے تھے۔ کلینک کے مالکان نے بتایا کہ درد کی وجہ گردے کی پتھری ہے اور 25 ہزار روپے میں آپریشن کرنے کی بات ہوئی، جو بعد میں 20 ہزار پر طے پایا۔
اگلے دن گیان پرکاش نے یوٹیوب ویڈیو کے ذریعے سرجری کی کوشش کی، جس کے دوران پیٹ، آنتوں اور غذائی نالی کی رگیں کاٹ دیں، جس سے مریضہ کی حالت بگڑ گئی اور وہ ہلاک ہو گئیں۔
پولیس نے شوہر کی شکایت پر لاش کا پوسٹ مارٹم کروایا اور دونوں ملزمان کے خلاف غیر ارادی قتل اور ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس نے کہا ہے کہ کلینک غیر قانونی تھا اور دونوں ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔















