جماعت اسلامی نے چینی اور پیٹرول کی قیمتوں پر ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا ہے، جبکہ کراچی اور لاہور میں دھرنے جاری ہیں۔
کراچی: (رائیٹ ناؤنیوز) جماعت اسلامی نے 3 ستمبر کو ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ چینی کی بڑھتی قیمت کے بعد اس کی برآمد کی اجازت دی گئی، جس سے قیمت مزید بڑھی۔
حافظ نعیم الرحمان نے حکومت پر الزام لگایا کہ اسٹوریج ہونے کے باوجود پیٹرول کی قیمتیں بڑھائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی گٹھ جوڑ عوام پر اثر انداز ہو رہا ہے، اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی نے عوام کو دبایا ہوا ہے اور حکومت بڑے طبقے کو سہولتیں دے رہی ہے۔ اگر روٹی کی قیمت 20 سے 25 روپے ہوگی تو غریب کیسے گزارہ کریں گے؟ حکومت کو ٹیکس ختم کرنا چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ یہ تحریک عوام، نوجوانوں، غریبوں اور مڈل کلاس کی ہے۔ مختلف طبقات ہڑتال کی حمایت کر رہے ہیں جبکہ وکلاء سمیت زندگی کے مختلف شعبوں کے افراد بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پیٹرولیم لیوی، بھتہ ٹیکس، اور آئی پی پیز کے معاہدوں کے خلاف کراچی میں 17 روز سے دھرنا جاری ہے۔ لاہور میں بھی جماعت اسلامی کے کارکن دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔














