غیر قانونی سمز کے خلاف کارروائیاں، دو سال میں 18.2 ملین سمز بند کرنے کا دعویٰ

قومی اسمبلی کمیٹی میں غیر قانونی سمز اور واٹس ایپ ہیکنگ پر بریفنگ دی گئی، حکام کا کہنا ہے کہ ہیکنگ جلد ختم ہو جائے گی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
18.2 ملین سمز بند، واٹس ایپ ہیکنگ کے خاتمے کا دعویٰ

اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں آن لائن فراڈ اور غیر قانونی سمز کے اجراء پر بات کی گئی۔ این سی سی آئی اے حکام نے بتایا کہ فیصل آباد میں کل ایک ایف آئی آر درج کی گئی اور آئندہ چند ماہ میں واٹس ایپ ہیکنگ تقریباً ختم ہو جائے گی۔

کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ یہ فراڈ میرے ساتھ بھی ہوا ہے، اور پوچھا کہ انگوٹھے کے نشان فراڈیوں تک کیسے پہنچ رہے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ گزشتہ دو سالوں میں 18.2 ملین سمز بند کی گئیں اور ٹیلی کام کمپنیوں کو 4.2 ارب روپے جرمانہ کیا گیا۔

چیئرمین پی ٹی اے نے مزید کہا کہ 2009 سے پہلے سم جاری کرنے کی کوئی پالیسی نہیں تھی، لیکن 2014 کے بعد پالیسی میں تبدیلیاں کی گئیں۔ گزشتہ دو سال میں 110 کارروائیاں کی گئیں، جن میں 29 ہزار سمز برآمد ہوئیں اور 171 افراد گرفتار ہوئے۔

حکام نے بتایا کہ واٹس ایپ ہیکنگ کو مکمل ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ وزیر مملکت داخلہ نے کہا کہ فیشل یا آئرس شناخت سے سمز جاری کی جائیں۔

یاد رہے کہ پاکستان میں غیر قانونی سمز اور آن لائن فراڈ کے بڑھتے ہوئے واقعات کی وجہ سے حکومت نے سمز کے اجراء پر سختی سے عمل درآمد شروع کیا ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں