عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر ملک بھر میں جلوس، چراغاں اور محافل میلاد کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ صدر مملکت اور وزیراعظم نے قوم کو مبارکباد دی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) سرکارِ دو عالم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت کا جشن ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر مختلف شہروں میں خصوصی تقریبات اور محافل میلاد کا اہتمام کیا گیا ہے۔
ملک بھر میں دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا، وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔ کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور، گلگت بلتستان اور مظفرآباد میں بھی توپوں کی سلامی دی گئی۔
جلوس نکالے جا رہے ہیں، مساجد اور سرکاری عمارتوں کو برقی قمقموں اور سبز پرچموں سے سجایا گیا ہے۔ مرکزی شاہراہوں پر چراغاں کیا گیا ہے اور محافل میلاد کا انعقاد بھی جاری ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت کی یاد تازہ کرتا ہے۔ نبی کریم ﷺ کی سیرت ہمیں باہمی احترام اور خیر سگالی کا درس دیتی ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ سیرت النبی ﷺ پوری انسانیت کے لیے کامل رہنمائی ہے۔ نوجوان نسل کی کردار سازی پر توجہ دینا ضروری ہے تاکہ پاکستان کو مضبوط اور خوشحال ریاست بنایا جا سکے۔













