وزیراعظم نے عالمی ایونٹس کے لیے رہائشی سہولیات کی کمی پر سرکاری عمارتوں کو ہوٹلز میں بدلنے کی ہدایت دی، شہید ملت بلڈنگ پہلے مرحلے میں شامل۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) وزیراعظم نے بین الاقوامی ایونٹس کے لئے عالمی معیار کی رہائشی سہولیات کی کمی کے باعث سرکاری عمارتوں کو فائیو اسٹار ہوٹلز میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے پر عمل درآمد کے لئے تین رکنی وزارتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
پہلے مرحلے میں شہید ملت بلڈنگ کو فائیو اسٹار ہوٹل میں تبدیل کرنے کا منصوبہ زیر غور ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس منصوبے پر مشاورت جاری ہے اور داخلہ، خزانہ اور ہاؤسنگ کے وزراء کو اس کی نگرانی کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
کمیٹی شہید ملت بلڈنگ کو جدید ہوٹل میں تبدیل کرنے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے گی۔ اس بلڈنگ کا مجموعی رقبہ 4 ہزار 400 مربع گز ہے اور اس میں 128 کمروں کی گنجائش موجود ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ شہید ملت بلڈنگ میں 64 لگژری سوئٹس بنانے کی بھی صلاحیت ہے۔ اسلام آباد میں ایس سی او اجلاس کے موقع پر ہزاروں اضافی رہائشی کمروں کی ضرورت ہوگی۔
واضح رہے کہ ایس سی او ایونٹ کے لئے اسلام آباد میں 4 ہزار سے زائد ہوٹل رومز کی ضرورت ہوگی، جس کے لئے یہ منصوبہ اہمیت کا حامل ہے۔













