حکومت تیل کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے پر غور کر رہی ہے، جس سے پٹرولیم مارکیٹ میں اہم تبدیلی آئے گی۔ کابینہ سے منظوری جلد متوقع ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت تیل کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے پر غور کر رہی ہے۔ کابینہ سے اس پالیسی کی جلد منظوری متوقع ہے، جس سے پٹرولیم مارکیٹ میں اہم تبدیلی آئے گی۔
وزارت اقتصادی امور کے مطابق پارکو گنور لمیٹڈ اور گنور گروپ کے وفد نے احد چیمہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں توانائی و پٹرولیم کے شعبے میں تعاون، اصلاحات اور ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن پر بات چیت ہوئی۔
گنور گروپ نے آئل قیمتوں کی ڈی ریگولیشن کی حمایت کی اور کہا کہ اس سے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں میں مسابقت بڑھے گی۔ احد چیمہ نے بتایا کہ کابینہ سے اس پالیسی کی جلد منظوری متوقع ہے۔
احد چیمہ نے کہا کہ ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن سے پٹرولیم شعبے کی کارکردگی بہتر ہوگی۔ گنور گروپ نے پاکستان کی ریفائنریوں کو جدید بنانے کی خواہش ظاہر کی ہے۔
یاد رہے کہ گنور گروپ نے خلیجی بحران کے دوران پاکستان میں ایندھن کی بلاتعطل فراہمی کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا تھا۔ احد چیمہ نے کہا کہ عالمی بحران کے باوجود ایندھن کی فراہمی اور قیمتوں کا استحکام یقینی بنایا گیا۔















