صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کوئٹہ کان حادثے پر گہرے رنج کا اظہار کیا ہے اور مستقل حفاظتی اقدامات کا حکم دیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوئٹہ کے نواحی علاقے سورنج میں کوئلہ کان میں پیش آنے والے حادثے پر گہرے رنج کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مزدوروں کے لیے مستقل حفاظتی اقدامات اٹھانے کی ہدایت دی ہے۔
صدر نے حادثے میں جان بحق ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کی اور مرحومین کی مغفرت کی دعا کی ہے۔ انہوں نے کان میں پھنسے مزدوروں کی جلد بازیابی اور زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے پر زور دیا ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ امدادی کاروائیوں کو مستعدی سے جاری رکھیں اور متاثرہ مزدوروں کو بروقت ریسکیو اور علاج فراہم کریں۔ انہوں نے ریسکیو آپریشن کو مکمل کرنے تک جاری رکھنے کی ہدایت دی ہے۔
یہ حادثہ کوئلہ کان میں گیس بھر جانے کی وجہ سے پیش آیا، جس کے باعث کئی مزدور جان بحق ہوئے ہیں۔ وزیراعظم نے متاثرہ افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور مرحومین کے درجات کی بلندی کی دعا کی ہے۔
یاد رہے کہ کوئلہ کانوں میں حفاظتی انتظامات کی کمی کی وجہ سے اس قسم کے حادثات پہلے بھی ہوچکے ہیں۔ حکومت نے حفاظتی ضوابط پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کا اعادہ کیا ہے۔













