سندھ حکومت نے دفعہ 144 کی توسیع کرتے ہوئے چہلم امام حسین کے موقع پر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ڈبل سواری پر پابندی کی سفارش کی ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناؤ نیوز) سندھ حکومت نے امن و امان کی صورتحال کے باعث صوبے بھر میں دفعہ 144 کی معیاد میں ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے۔ چہلم امام حسین کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کے تحت ڈبل سواری پر پابندی کی سفارش کی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 یکم اگست سے نافذ العمل رہے گی۔ وال چاکنگ، احتجاج، دھرنے، ریلیاں اور مظاہرے ممنوع ہوں گے۔ اسلحے کی نمائش پر بھی پابندی میں توسیع کی گئی ہے۔
نجی سیکیورٹی کمپنیوں کے گارڈز کو صرف ڈیوٹی کے دوران اسلحہ رکھنے کی اجازت ہوگی۔ عوامی مقامات پر اسلحہ لہرانا منع ہوگا۔ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔
سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر سندھ کے مختلف اضلاع میں اٹھارہ تا اکیس صفر ڈبل سواری پر پابندی کی سفارش کی گئی ہے۔ کراچی کے مخصوص زونز میں انیس تا اکیس صفر پابندی ہوگی۔
یاد رہے کہ ڈبل سواری پابندی کی سفارش کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص اور بینظیر آباد کے لیے کی گئی ہے۔ کمشنرز کو اپنے اضلاع میں پابندی لگانے کا اختیار دیا گیا ہے۔















