گجرات میں شہد کی مکھیوں کا حملہ، شہریوں کی پکنک پر خطرات بڑھ گئے۔ انتظامیہ کے ناکافی اقدامات پر سوالیہ نشان۔
گجرات: (رائیٹ ناؤ نیوز) گجرات میں دریائے چناب کے کنارے پکنک منانے آئے شہریوں پر شہد کی مکھیوں نے حملہ کر دیا۔ شہباز پور پل کے مقام پر ہونے والے اس واقعے نے خطرات میں اضافہ کر دیا ہے۔
حملے کے وقت دریا کے کنارے بچوں، خواتین اور مردوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مکھیوں کے اچانک حملے سے افراتفری مچ گئی اور شہری جان بچانے کے لیے بھاگتے رہے۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
وائرل ویڈیو میں شہریوں کو مکھیوں کے حملے سے بچنے کے لیے بھاگتے دیکھا جاسکتا ہے۔ شہریوں نے بتایا کہ دریائے چناب کے مختلف مقامات پر پابندی کے باوجود لوگ پکنک منا رہے ہیں۔
خطرناک صورتحال کے باوجود ضلعی انتظامیہ کے اقدامات ناکافی ہیں۔ شہریوں کو دریا کے بند اور خطرناک مقامات سے دور رکھنے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔
یاد رہے کہ دریائے چناب پر سیلابی خطرہ برقرار ہے اور شہریوں کو پکنک منانے سے منع کیا گیا ہے۔ تاہم انتظامیہ کی جانب سے مناسب حفاظتی اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے شہری خطرے میں ہیں۔















