اسلام آباد ہائی کورٹ نے موٹروے پر اضافی وصولی کے خلاف کیس میں وزارت مواصلات اور این ایچ اے سے 15 روز میں رپورٹ طلب کی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے موٹروے پر کم بیلنس اور نان ایم ٹیگ گاڑیوں سے 50 فیصد اضافی وصولی کے خلاف کیس میں وزارت مواصلات اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے جوڈیشل ایکٹیویزم پینل کی درخواست پر سماعت کے بعد تحریری حکم نامہ جاری کیا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ 3 جون 2025 کو جاری نوٹیفکیشن قانون کے خلاف ہے۔
درخواست گزار نے کہا ہے کہ این ایچ اے کا نوٹیفکیشن نیشنل ہائی وے اتھارٹی ایکٹ 1991 کی سیکشن 10(2)(vii) کے تحت جاری کیا گیا تھا، جو این ایچ اے کو ایسا اختیار نہیں دیتا۔
عدالت نے کہا ہے کہ یہ نوٹیفکیشن شہریوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، اور وزارت مواصلات و این ایچ اے کو 15 روز میں رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر لاء افسر کو معاونت کی ہدایت کی ہے، تاکہ عدالتی حکم پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔















