نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کیا، دریاؤں کی سطح میں اضافے کا خدشہ۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ چھ سے دس جولائی تک کشمیر، اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور شمالی پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔
ماہرین نے بتایا ہے کہ سات جولائی سے شمالی علاقوں، پنجاب، خیبر پختونخوا اور شمالی بلوچستان میں بارشیں مزید تیز ہو سکتی ہیں۔ ان بارشوں کے باعث دریائے سندھ، جہلم، چناب، راوی اور ستلج میں پانی کا بہاؤ بڑھ سکتا ہے۔
محکمے نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ فی الحال کسی بڑے دریائی سیلاب کا خطرہ نہیں ہے۔ محکمہ موسمیات کے ماہرین کے مطابق لاہور میں ٹھنڈی ہواؤں اور بادلوں کی آمد سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔
بلوچستان میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے، سبی میں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔ تربت میں درجہ حرارت 47 ڈگری تک جا پہنچا، جبکہ گوادر اور جیوانی میں موسم کچھ بہتر رہا۔
یاد رہے کہ بلوچستان کے دیگر شہروں میں بھی درجہ حرارت بہت بلند ہے، جہاں لوگ شدید گرمی کا سامنا کر رہے ہیں۔ سبی، نوکنڈی، چمن، کوئٹہ، ژوب اور قلات میں درجہ حرارت 34 سے 49 ڈگری کے درمیان ریکارڈ کیا گیا ہے۔















