محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بڑے دریاؤں میں پانی کی سطح معمول کے مطابق ہے اور بالائی علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق ملک کے بڑے دریاؤں میں پانی کی سطح معمول کے مطابق ہے۔ بالائی علاقوں میں 7 سے 10 جولائی تک بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مغربی ہواؤں کا ٹرف ملک کے شمالی علاقوں سے مشرق کی جانب منتقل ہوگیا ہے۔ موسمی کم دباؤ کا علاقہ شمال مغربی بلوچستان پر واقع ہے۔
بھارت کی ریاست اوڈیشہ میں کم دباؤ کا علاقہ شدت اختیار کرتے ہوئے مغرب کی جانب منتقل ہوگیا ہے۔ اگلے 24 گھنٹوں میں یہ جھارکھنڈ کے اوپر پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے دریائے ستلج، راوی اور چناب کے بالائی طاسوں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ کشمیر اور پنجاب کے کچھ شہروں میں بھی بارش کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1476.04 فٹ اور منگلا ڈیم میں 1165.20 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔ متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔













