وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کرپشن پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے ناقص کارکردگی پر بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت دی ہے۔
پشاور: (رائیٹ ناؤ نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے حکومتی ترجیحات واضح کرتے ہوئے کرپشن پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کابینہ اراکین، مشیروں اور انتظامی سیکرٹریز کو گورننس اور شفافیت پر عمل کرنے کی ہدایات دی ہیں۔
سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ صوبے میں کسی بھی سطح پر بدعنوانی برداشت نہیں کی جائے گی۔ کرپٹ اور نااہل افسران کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے محکموں کی کارکردگی کے معیار کو عوامی اطمینان سے جوڑ دیا ہے۔
انہوں نے تمام وزراء کو ہر ماہ کم از کم سات اضلاع کے دورے کرنے اور عوامی مسائل کے فوری حل کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے محکموں کو کمپلینٹ سیل قائم کر کے عوامی شکایات کے بروقت ازالے کی ہدایت بھی کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے عمران خان کے وژن کے مطابق ترقیاتی منصوبوں پر تیز رفتار عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے تمام نئی اسکیموں کے لیے واضح ٹائم لائنز مقرر کرنے کا بھی کہا ہے۔
یاد رہے کہ سہیل آفریدی نے تین ماہ بعد محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے اور سزا و جزا کا فیصلہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔














