یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کو خبردار کیا ہے کہ یمن کی فضائی حدود میں مداخلت پر سخت جواب دیا جائے گا۔
صنعا: (رائیٹ ناؤ نیوز) یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کو خبردار کیا ہے کہ اگر یمن کی فضائی حدود میں دوبارہ مداخلت کی گئی تو سعودی ایئرپورٹس اور تنصیبات کو نشانہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایرانی طیاروں کی آمد میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی تو سخت جواب دیا جائے گا۔
حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے بیان میں کہا کہ سعودی عرب کو یمن کی فضائی حدود میں مداخلت سے باز رہنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی کسی بھی کارروائی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
یحییٰ سریع نے دعویٰ کیا کہ حوثیوں نے سعودی جنگی طیاروں کی جانب سے یمن کی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنا دی۔ ان کے مطابق اس کارروائی کا مقصد ایرانی طیارے کو صنعا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ سے روکنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ طیارے میں 200 سے زائد یمنی شہری موجود تھے، جنہیں وطن واپس لایا جا رہا تھا۔ حوثی میڈیا کے مطابق طیارہ بعد ازاں تہران واپس چلا گیا۔
واضح رہے کہ یمن میں 2015 سے جاری جنگ میں لاکھوں افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ یہ تنازع انسانی بحران کو جنم دے چکا ہے اور حوثیوں کی تازہ دھمکیوں نے کشیدگی میں اضافہ کر دیا ہے۔














