صدر ٹرمپ نے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو سراہا اور ایران کے ساتھ بہتر معاہدے کے خواہاں ہیں۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناؤ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان پر بطور ثالث مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ چین روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو بہترین قرار دیا۔
ٹرمپ نے فیلڈ مارشل اور وزیراعظم پاکستان کی تعریف کی اور کہا کہ ایران کے ساتھ ایسا معاہدہ چاہتے ہیں جو دونوں ممالک کے لئے بہتر ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کو ایٹمی ہتھیار نہیں بنانے دیں گے۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایران کو خود کو ٹھیک کرنا ہوگا ورنہ ہم اپنا کام مکمل کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی فوج کو فیصلہ کن شکست دے دی گئی ہے اور ناکہ بندی انتہائی موثر ثابت ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چینی صدر کے ساتھ ایران کی صورتحال پر بات کریں گے، مگر اس معاملے میں چینی صدر کی مدد کی ضرورت نہیں ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ صدر شی 2026 کے اختتام سے قبل امریکہ آئیں گے۔
یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے روس اور یورکرین کی جنگ کے جلد ختم ہونے کی امید ظاہر کی ہے۔ انہوں نے اپنے اس دورے کو پرجوش قرار دیا اور کہا کہ کئی مثبت چیزیں ہونے والی ہیں۔














