صدر پوتن کا دعویٰ ہے کہ یوکرین میں روسی فوج کی پیش قدمی جاری ہے اور فتح کا یقین ہے۔ انہوں نے قومی مفادات کے دفاع کی ضرورت پر زور دیا۔
ماسکو: (رائیٹ ناؤ نیوز) روسی صدر ولادیمیر پوتن نے یومِ فتح کی 81ویں سالگرہ پر ریڈ سکوائر میں فوجی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس ہمیشہ اپنے قومی مفادات اور تاریخی اقدار کے دفاع میں متحد رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ روسی قوم مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔
صدر پوتن نے تقریب میں کہا کہ یہ دن روس کے لیے مقدس اور اہم ترین قومی تہوار ہے۔ روسی عوام عظیم محبِ وطن جنگ کے ہیروز کی قربانیوں کو یاد رکھیں گے۔ انہوں نے سوویت عوام کے نازی ازم کے خلاف کردار کو سراہا۔
صدر پوتن نے کہا کہ 22 جون 1941 روسی تاریخ کا المناک دن تھا جب نازی جرمنی نے سوویت یونین پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نازی قیادت روسی کردار کا صحیح اندازہ نہ لگا سکی۔
انہوں نے یوکرین میں جاری خصوصی فوجی آپریشن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ روسی فوج ایک جارحانہ قوت کے خلاف برسرِ پیکار ہے جسے نیٹو کی حمایت حاصل ہے۔ تاہم، روسی فوجی آگے بڑھ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ روسی صدر نے فوجی انجینئرز اور دفاعی صنعت کے ماہرین کو جدید ہتھیاروں کی تیاری پر خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہمارا مقصد حق پر مبنی ہے اور فتح ہماری ہی ہوگی۔














