اسکردو ائیرپورٹ کا مرکزی رن وے مرمت کے باعث روزانہ صبح 8 بجے سے دوپہر 4 بجے تک بند رہے گا، نوٹم جاری۔
اسکردو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسکردو ائیرپورٹ کا مرکزی رن وے 14L/32R مرمتی کام کے باعث جزوی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے اس حوالے سے نوٹم جاری کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق رن وے روزانہ صبح 8 بجے سے دوپہر 4 بجے تک دستیاب نہیں ہوگا جبکہ یہ بندش 28 جون تک برقرار رہے گی۔ مرمت کے دوران رن وے کی سیل کوٹنگ، دراڑوں کی مرمت اور مارکنگ کی دوبارہ پینٹنگ شامل ہے۔
ترجمان کے مطابق ہنگامی صورتحال میں رن وے کو کم از کم ایک گھنٹہ قبل ائیر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کر کے کھولا جا سکتا ہے۔ اس اقدام سے پروازوں کے شیڈول میں تبدیلی ممکن ہے۔
یہ مرمت اسکردو ائیرپورٹ کی کارکردگی اور حفاظت کو بہتر بنانے کے لئے ضروری ہے۔ یہ اقدامات ائیرپورٹ کی طویل مدتی فعالیت کو یقینی بنائیں گے۔
یاد رہے کہ اسکردو ائیرپورٹ شمالی علاقہ جات میں اہمیت کا حامل ہے اور سیاحتی مقامات کی جانب سفر کرنے والوں کے لئے اہم راستہ فراہم کرتا ہے۔











