ایل این جی کی عدم دستیابی کے باعث 5000 میگاواٹ کے پاور پلانٹس بند ہیں، جس سے بجلی کی پیداوار میں کمی ہوئی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)۔ پاور ڈویژن کے ترجمان نے کہا ہے کہ عالمی حالات کے باعث ایل این جی کی عدم دستیابی کی وجہ سے 5000 میگاواٹ کے پاور پلانٹس بند ہیں۔ اس سے ملک میں بجلی کی پیداوار میں نمایاں کمی آئی ہے۔
ترجمان کے مطابق 27 اپریل کو رات کے پیک اوقات میں تربیلا ڈیم سے پانی کے اخراج میں اضافے کی وجہ سے پن بجلی کی پیداوار بڑھ کر 6000 میگاواٹ ہوگئی۔ ملک کی کل پن بجلی کی استعداد 11500 میگاواٹ ہے۔
پن بجلی کی پیداوار میں اضافے سے نیشنل گرڈ میں استحکام آیا اور مزید پاور پلانٹس کو مقامی گیس کی فراہمی ممکن ہوئی۔ ملک کے جنوب سے 500 میگاواٹ کی ترسیل بھی ممکن ہوئی۔
ترجمان نے کہا کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے رات کے پیک اوقات میں ایک سے دو گھنٹے تک لوڈ منیجمنٹ کی۔ پن بجلی کی پیداوار میں اضافے کے باوجود لوڈ منیجمنٹ دو گھنٹے سے زیادہ نہیں ہوئی۔
واضح رہے کہ اکنامک لوڈ منیجمنٹ پالیسی کے تحت زیادہ نقصانات والے فیڈرز پر لوڈ منیجمنٹ کی جارہی ہے۔ ایل این جی کی دستیابی اور پانی کے اخراج میں اضافے سے شارٹ فال ختم ہونے کی توقع ہے۔











