واشنگٹن میں صحافتی عشائیے کے دوران فائرنگ کے واقعے میں حملہ آور کول ٹامس ایلن کے خلاف فرد جرم عائد کی جائے گی۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز)۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودگی میں واشنگٹن ڈی سی میں سالانہ صحافتی عشائیے کے دوران فائرنگ کے واقعے نے سیکیورٹی پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ حکام کے مطابق حملہ آور کا ممکنہ ہدف خود امریکی صدر تھے۔
قائم مقام امریکی اٹارنی جنرل نے بتایا ہے کہ ملزم نے اکیلے کارروائی کی اور وہ اسی ہوٹل میں مقیم تھا۔ حکام کے مطابق ملزم کا مقصد حکومتی شخصیات کو نشانہ بنانا تھا۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مشتبہ شخص کی شناخت کیلیفورنیا کے 31 سالہ کول ٹامس ایلن کے طور پر ہوئی ہے۔ ملزم نے مبینہ طور پر اعتراف کیا کہ وہ ٹرمپ انتظامیہ کے عہدیداروں کو نشانہ بنانا چاہتا تھا۔
حکام نے کہا ہے کہ ملزم تفتیش میں تعاون نہیں کر رہا تاہم اس کے خلاف آج فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے۔ شہر کے میئر نے بتایا کہ ملزم کو ہوٹل کی لابی میں سیکیورٹی حصار کی جانب بڑھتے ہوئے قابو میں کیا گیا۔
واضح رہے کہ واقعے کے بعد سیکیورٹی ادارے ہائی الرٹ ہو گئے ہیں اور اعلیٰ سطحی تقریبات کی سیکیورٹی پر نظرثانی شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس چیف نے بتایا کہ ہوٹل کی سیکیورٹی فوٹیج کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔















