اڈیالہ جیل میں قیدیوں کے راشن میں خرد برد کے الزامات، 1 کروڑ 15 لاکھ روپے کا غبن۔
راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں قیدیوں کے راشن میں بڑے پیمانے پر خرد برد کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ ہوم ڈپارٹمنٹ پنجاب اور وزیراعلیٰ پنجاب کو دی گئی درخواست میں کہا گیا کہ قیدیوں کے لیے مختص گوشت کا بجٹ ہڑپ کیا جا رہا ہے۔
درخواست کے مطابق، قیدیوں کو ہر ہفتہ 540 گرام مرغی کے بجائے دالیں دی جا رہی ہیں۔ گزشتہ ایک سال میں 1 کروڑ 15 لاکھ 24 ہزار روپے سے زائد کی رقم خرد برد کی گئی۔
جیل انتظامیہ اور ہیڈ کلرک کی ملی بھگت سے گوشت کی ایک ٹرن مس کر کے دال فراہم کی جاتی ہے۔ یہ عمل ہر مہینے چار بار دہرا کر بھاری رقوم جیبوں میں ڈالی جاتی ہیں۔
یہ بدعنوانی صرف گوشت تک محدود نہیں، روزانہ جمع ہونے والے 60 کلو روٹی کے ٹکڑوں کی فروخت میں بھی ماہانہ 45 لاکھ روپے سے زائد کی خرد برد کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی جیلوں میں قیدیوں کے راشن میں خرد برد کے الزامات سامنے آتے رہے ہیں، لیکن اس بار یہ معاملہ زیادہ سنگین معلوم ہوتا ہے۔














