ایران نے امریکا کے ساتھ مذاکرات میں شرکت سے انکار کر دیا، عدم شرکت کی وجہ غیر حقیقی امریکی مطالبات کو قرار دیا۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز)۔ ایران نے امریکا کے ساتھ دوسرے دور کے مذاکرات میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔ ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق تہران نے اپنی عدم شرکت کی وجہ واشنگٹن کے ‘حد سے بڑھے ہوئے مطالبات’ اور ‘غیر حقیقی توقعات’ کو قرار دیا ہے۔
ایران کا کہنا ہے کہ جاری بحری ناکہ بندی بھی مذاکرات سے پیچھے ہٹنے کی ایک بڑی وجہ ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکی بحری ناکہ بندی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی ثالثی میں طے پانے والی جنگ بندی کی خلاف ورزی ہے۔
ایران نے واضح کیا ہے کہ وہ امریکی دباؤ یا یکطرفہ شرائط کے تحت مذاکرات قبول نہیں کرے گا۔ ایرانی حکام کا مؤقف ہے کہ واشنگٹن کے بدلتے بیانات اور عملی اقدامات نے سفارتی عمل پر اعتماد کو نقصان پہنچایا ہے۔
حالیہ دنوں میں ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز پر کنٹرول اور امریکی ناکہ بندی کے خلاف سخت بیانات بھی سامنے آئے ہیں۔ ارنا کی دیگر رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ تہران امریکی اقدامات کو جنگ بندی کی خلاف ورزی اور علاقائی کشیدگی میں اضافے کا سبب قرار دے رہا ہے۔











