ٹرمپ نے ایران کی تہذیب کو ختم کرنے کی دھمکی دی، ایران نے تاریخی ورثے کی ویڈیوز جاری کر کے جواب دیا۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف سخت بیان دیا کہ وہ ایک ہی رات میں ایرانی تہذیب کو تباہ کر سکتے ہیں۔ اس بیان نے نئی بحث کو جنم دیا ہے۔
ایران کے سویڈن میں سفارتخانے نے اس کے جواب میں سوشل میڈیا پر ویڈیوز جاری کی ہیں۔ ان ویڈیوز میں ایران کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کو نمایاں کیا گیا ہے، خاص طور پر اصفہان کی ایک قدیم مسجد کو دکھایا گیا ہے۔
یہ مسجد تقریباً 400 سال پرانی ہے اور اپنی منفرد فنِ تعمیر اور صوتی نظام کے باعث دنیا بھر میں مشہور ہے۔ ویڈیو میں مسجد کی صوتی خاصیت کو بھی اجاگر کیا گیا ہے جہاں ایک خاص مقام پر کھڑے ہوکر اذان دینے سے آواز پورے ہال میں گونجتی ہے۔
ایرانی سفارتخانے نے مزید ایک ویڈیو بھی جاری کی جس میں پہلی صدی عیسوی میں تعمیر ہونے والے ایک قدیم گرجا گھر کو دکھایا گیا۔ اس کا مقصد ایران کے تاریخی ورثے کو دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے۔
یاد رہے کہ ایران کی یہ کوشش دنیا کو یہ پیغام دینے کی ہے کہ ایران ایک قدیم تہذیب اور ثقافتی ورثے کا حامل خطہ ہے، جسے کسی بھی تنازع میں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔












