وزارت مذہبی امور نے حج پروازوں کا شیڈول جاری کردیا، پہلی پرواز 18 اپریل کو روانہ ہوگی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزارت مذہبی امور نے حج پروازوں کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ پہلی حج پرواز 18 اپریل کو پاکستان سے روانہ ہوگی۔\n\nشیڈول کے مطابق 468 پروازوں کے ذریعے 1 لاکھ 19 ہزار عازمین کو حجاز مقدس بھیجا جائے گا۔ 67 ہزار 230 مرد اور 51 ہزار 846 خواتین سرکاری حج اسکیم کے تحت سفر کریں گی۔\n\nحج آپریشن میں پی آئی اے، ایئر بلیو، ایئر سیال اور سعودی فضائی کمپنی حصہ لیں گی۔ 8 شہروں سے پروازیں چلائی جائیں گی، جن میں اسلام آباد، کراچی، لاہور، کوئٹہ، ملتان اور سیالکوٹ شامل ہیں۔\n\nحج آپریشن 34 روز پر محیط ہوگا، ابتدائی 15 روز میں عازمین کو مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا۔ مدینہ کے لیے 186 اور جدہ کے لیے 282 پروازیں ہوں گی۔\n\nواضح رہے کہ حج آپریشن کے آغاز میں مدینہ کی پروازیں 18 اپریل سے شروع ہوں گی جبکہ جدہ کی پروازیں 4 مئی سے روانہ ہوں گی۔















