حکومت نے عوام پر پٹرول بم گرا دیا، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55 روپے کا اضافہ

حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا، جو آج رات 12 بجے سے نافذ العمل ہوگا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55 روپے کا اضافہ

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے، جو آج رات 12 بجے سے نافذ العمل ہوگا۔ اس اعلان کے بعد وفاقی دارالحکومت سمیت مختلف شہروں میں پیٹرول پمپس پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔

حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اضافے کے بعد فی لیٹر پیٹرول کی نئی قیمت 321.17 روپے جبکہ فی لیٹر ڈیزل کی نئی قیمت 335.86 روپے ہو گی ۔ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ملک بھر میں ہو جائے گا ۔

نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ ایران پر حملوں کے بعد مشرق وسطیٰ میں جنگی صورتحال کے باعث عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 50 سے 70 فیصد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے بتایا کہ عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمت 106.80 ڈالر فی بیرل اور ڈیزل کی قیمت 150 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے، جس کی وجہ سے حکومت کو قیمتوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کرنا پڑا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے جو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور سپلائی کی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے، تاکہ عوام پر کم سے کم بوجھ پڑے۔

ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے کہا کہ شہر کے تمام پیٹرول پمپس پر پیٹرول اور ڈیزل دستیاب ہے اور قلت کی خبریں درست نہیں ہیں، شہریوں کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں