عالمی بینک کے مطابق آئندہ 15 برسوں میں 1.2 ارب نوجوانوں کو روزگار کی ضرورت ہوگی، جبکہ صرف 40 کروڑ کو ملازمت مل سکے گی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) عالمی بینک نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 10 سے 15 برسوں میں دنیا میں 1.2 ارب نوجوانوں کو روزگار کی ضرورت ہوگی، جبکہ صرف 40 کروڑ کو ملازمت کے مواقع مل سکیں گے۔
عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق ترقی پذیر ممالک میں بے روزگاری کی شرح میں کمی لانے کے لیے توانائی کی سستی فراہمی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، اور تعلیم و صحت کی سہولیات میں بہتری ضروری ہے۔
پاکستان میں نوجوان افرادی قوت سے بھرپور استفادے کے لیے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور توانائی کے شعبے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ مسابقتی نرخوں پر توانائی کی دستیابی سے پیداواری لاگت کو کم کیا جا سکے۔
عالمی بینک کے مطابق ترقی پذیر ممالک کو روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے عوامی مالی وسائل، نجی شعبے کی شراکت داری اور بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔
بینک نے پانچ شعبوں کی نشان دہی کی ہے جہاں روزگار کے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں، جن میں بنیادی ڈھانچہ، زرعی کاروبار، صحت کی دیکھ بھال، سیاحت اور مینوفیکچرنگ شامل ہیں۔














