خیبرپختونخوا نے پہلی بار صوبائی سطح پر جامعات کی رینکنگ نظام منظور کی، جو تعلیمی معیار اور مسابقت کو فروغ دے گا۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے پہلی بار صوبائی سطح پر جامعات کی رینکنگ نظام کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد یہ صوبہ اپنی نوعیت کا پہلا جامع رینکنگ سسٹم متعارف کرانے والا بن گیا ہے۔ اس نظام کی منظوری وزیر برائے اعلیٰ تعلیم و بلدیات مینا خان آفریدی نے دی، جس کا مقصد تعلیمی معیار، شفافیت اور مسابقت کو فروغ دینا ہے۔
خیبرپختونخوا جامعات رینکنگ سسٹم کی تیاری میں بین الاقوامی معیار کے کیو ایس (QS) اور ٹائمز ہائر ایجوکیشن (THE) کے اشاریوں کو شامل کیا گیا ہے۔ تمام سرکاری جامعات کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایک ماہ کے اندر مقررہ پروفارما کے ذریعے معلومات فراہم کریں، جبکہ مارچ میں پہلی رینکنگ لسٹ جاری کی جائے گی۔
مینا خان آفریدی نے وضاحت کی کہ آئندہ جامعات کی مالی گرانٹس کی فراہمی میں بھی رینکنگ سسٹم کو مدنظر رکھا جائے گا تاکہ بہتر کارکردگی دکھانے والی جامعات کو مزید سہولیات دی جا سکیں۔
رینکنگ نظام میں جامعات کی گورننس، ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ، فنانس و فنڈ جنریشن، اسٹوڈنٹس سپورٹ سروسز اور اکیڈمک ایکسلینس کو شامل کیا گیا ہے تاکہ ہر زاویے سے جامع تجزیہ ممکن ہو سکے۔
خیبرپختونخوا کی اس تعلیمی کامیابی کو سراہتے ہوئے مینا خان آفریدی نے کہا کہ صوبائی حکومت اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں اصلاحات اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔














