اٹلی نے تین سالوں کے لیے پاکستانیوں کے لیے 10,500 نوکریوں کا کوٹہ مختص کر دیا ہے، جس کے تحت مختلف شعبوں میں روزگار فراہم ہوگا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اٹلی نے پاکستانی محنت کشوں کے لیے 10,500 نوکریوں کا کوٹہ مختص کر دیا ہے، جس کے تحت آئندہ تین سالوں میں ہر سال 3,500 پاکستانی سیزنل اور نان سیزنل بنیادوں پر اٹلی میں کام کر سکیں گے۔ وزارت سمندر پار پاکستانیز کی کوششوں سے یہ موقع فراہم ہوا ہے۔
یہ کوٹہ شپ بریکنگ، ہاسپٹیلٹی، ہیلتھ کیئر اور زراعت کے شعبوں میں روزگار فراہم کرے گا، جہاں ویلڈرز، ٹیکنیشنز، شیف، ویٹرز، ہاؤس کیپنگ سٹاف، نرسنگ اور فارمنگ میں پاکستانیوں کو مواقع ملیں گے۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے اس پیش رفت کو پاکستان کے لیے ایک اہم سنگِ میل کہا ہے، اور امید ظاہر کی ہے کہ دیگر یورپی ممالک بھی پاکستانی ورک فورس کے لیے دروازے کھولیں گے۔ فروری 2026 میں پاکستان اور اٹلی کے مابین جوائنٹ ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔















