دو سال میں اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے میں 1000 سے زائد فلسطینی شہید کیے

دو سالوں میں اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے میں 1,030 فلسطینیوں کو شہید کیا، جن میں 233 بچے شامل ہیں۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

جنیوا: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اقوام متحدہ کے مطابق فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں گزشتہ دو سالوں کے دوران اسرائیلی فوج اور یہودی آبادکاروں نے 1,030 فلسطینیوں کو شہید کیا، جن میں 233 بچے بھی شامل ہیں۔

یو این انسانی حقوق کمشنر ووالکر ترک کے ترجمان نے جنیوا میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی فورسز اور آبادکاروں کے تشدد میں اضافہ ہوا ہے اور ان کے خلاف کوئی جوابدہی نہیں ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ حالیہ دنوں میں جنین میں اسرائیلی بارڈر پولیس کے ہاتھوں دو فلسطینیوں کے قتل پر صدمہ ہوا ہے، اور اسرائیلی فوج کے غیر قانونی طاقت کے استعمال کی تحقیقات کی جانی چاہئیں۔

اقوام متحدہ کے انسانی امور کے رابطہ دفتر (OCHA) کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں تشدد بلا روک ٹوک جاری ہے اور روزانہ کی بنیاد پر جانی و مالی نقصان اور بے دخلی کے واقعات پیش آرہے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ رواں سال کے آغاز سے اب تک اسرائیلی آبادکاروں کے 1600 سے زائد حملوں کے نتیجے میں فلسطینیوں کا شدید جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں