گلابی سردی کی اسلام آباد آمد معمول سے پہلےکیوں؟

اسلام آباد میں گلابی سردی کی آمد معمول سے پہلے ہو گئی ہے، جس سے موسم سرما طویل اور خوشگوار رہنے کی توقع ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسلام آباد میں اس سال گلابی سردی کی آمد معمول سے پہلے ہو گئی ہے، جس سے ابتدائی موسم سرما نسبتاً طویل اور خوشگوار رہنے کی توقع ہے۔ ’ویدروالے‘ نامی ادارے کی رپورٹ کے مطابق، 2025 میں پہلا گلابی سردی کا دن 5 نومبر کو ریکارڈ ہوا، جو پچھلے سال کے مقابلے میں تقریباً دو ہفتے پہلے ہے۔

گلابی سردی وہ موسم ہے جس میں روزانہ درجہ حرارت کی کم از کم حد 5 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ حد 22 سے 27 ڈگری سینٹی گریڈ ہوتی ہے۔ یہ وقفہ عام طور پر اکتوبر اور نومبر میں دیکھا جاتا ہے، جب شہر میں ہلکی دھوپ، ٹھنڈی صبحیں اور خوشگوار شامیں ہوتی ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق، 2022–23 اور 2023–24 کے سیزنز میں بالترتیب 30، 30 گلابی سردی کے دن ریکارڈ ہوئے، جبکہ 2024–25 میں یہ تعداد گھٹ کر 27 رہ گئی تھی۔ اس سال یعنی 2025–26 کے سیزن میں صرف اکتوبر اور نومبر کے دوران ہی 10 گلابی سردی کے دن ریکارڈ ہو چکے ہیں، جو کہ سیزن کے 7.1 فیصد کے برابر ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ نومبر کے مہینے میں سب سے زیادہ گلابی سردی دیکھی گئی ہے۔ دسمبر اور جنوری میں راتیں زیادہ سرد ہونے کے باعث اس موسم کے دن کم ہو جاتے ہیں، جبکہ فروری اور مارچ میں چند خوشگوار دن دوبارہ اس درجہ حرارت کی حد میں آ جاتے ہیں۔

ماہرین نے پیشگوئی کی ہے کہ 2025–26 میں گلابی سردی کا دورانیہ 5 نومبر سے وسط دسمبر تک جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ اس کی شدت اور دورانیہ پچھلے سال کے مقابلے میں کچھ زیادہ رہے گا۔

دیگر متعلقہ خبریں