پنجاب حکومت نے پیٹرول موٹر سائیکل رکشوں کی پیداوار پر پابندی لگا دی ہے، الیکٹرک گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب حکومت نے پیٹرول سے چلنے والے موٹر سائیکل رکشوں کی پیداوار پر پابندی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت انسداد اسموگ کے لیے کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں یہ اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں پیٹرول موٹر سائیکل رکشوں کی پیداوار پر پابندی اور پیٹرول سے چلنے والی موٹر سائیکلوں کی پروڈکشن بھی مرحلہ وار بند کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ سرکاری اداروں کے لیے الیکٹرک گاڑیاں اور الیکٹرک موٹر سائیکلیں خریدی جائیں گی۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پلاسٹک اور زہریلا دھواں پیدا کرنے والی اشیاء جلانے پر سخت سزا دی جائے گی۔ شہریوں کی صحت اور ماحول کو نقصان پہنچانے پر کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، اور جدید دنیا کی طرح پورے پنجاب میں رنگ دار کوڑے دان لگانے کے فیصلے بھی کیے گئے۔
سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب کا پہلا اسٹیٹ آف دی آرٹ ایئر کوالٹی مانیٹرنگ نیٹ ورک قائم کیا جا چکا ہے اور آلودگی کے خاتمے کا جامع آپریشن جاری ہے۔ لاہور اور مضافات میں فصلیں جلانے کے واقعات میں 88 فیصد کمی آئی ہے اور ڈرون سے نگرانی کی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ماحولیاتی بہتری کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پوری ٹیم کو شاباش دی اور شہریوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے حکومت اور اداروں سے بھرپور تعاون کیا۔















