ٹرمپ کا خاتون صحافی سے بدتمیزی، ایپسٹین ای میلز پر سوال

ٹرمپ نے ایئر فورس ون میں صحافی سے ایپسٹین ای میلز پر سوال کرنے پر بدتمیزی کی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران اس وقت اشتعال میں آگئے جب ایک صحافی نے جیفری ایپسٹین کی نئی سامنے آنے والی ای میلز کے بارے میں سوال کیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ اس معاملے سے لاعلم ہیں اور توجہ ان دیگر شخصیات پر ہونی چاہیے جن کا نام ان ای میلز میں ہے، جن میں سابق صدر بل کلنٹن بھی شامل ہیں۔ جیسے ہی بلومبرگ نیوز کی صحافی کیتھرین لوسی نے فالو اپ سوال پوچھنے کی کوشش کی، ٹرمپ نے اسے خاموش کرانے کی غرض سے کہا: ’’خاموش… خاموش، پِگی۔‘‘

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب امریکہ میں ایپسٹین کیس سے متعلق محکمہ انصاف کی فائلز کے مکمل اجرا کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔ ایپسٹین، جو مالیاتی شعبے کی معروف شخصیت اور سزا یافتہ جنسی مجرم تھے، 2019 میں جیل میں مردہ پائے گئے تھے۔ اتوار کے روز ٹرمپ نے اپنا مؤقف بدلتے ہوئے ریپبلکنز سے کہا کہ وہ ان تمام فائلز کے اجرا کے لیے پیش کیے گئے بل کے حق میں ووٹ دیں۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے ٹرمپ کے ’پِگی‘ والے جملے کا دفاع کرتے ہوئے اسے ان کی ’’صاف گوئی‘‘ قرار دیا اور کہا کہ ٹرمپ عوام کے ساتھ صاف گوئی سے بات کرتے ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں